اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے بجلی صارفین کو فراہم کردہ ریلیف کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 500 یونٹ تک کے صارفین کے لیے فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف ایک احسن اقدام ہے، جو نواز شریف اور مریم نواز کے عوام دوست اقدامات کا عکاس ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قلمدان سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا اور ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے کاٹ کر 200 یونٹ تک کے صارفین کو ریلیف فراہم کیا ہے۔
بجلی بلوں میں ریلیف کے اعلان پرحافظ نعیم الرحمٰن کا ردعمل آگیا
انہوں نے بجلی چوری کے خلاف اقدامات اور بجلی شعبے کی اصلاحات کے لیے حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے استحکام کے بعد لوگوں کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے بعد ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے اور عوامی ریلیف اور مہنگائی میں کمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے دیرپا حل کے لیے کام جاری ہے اور حکومت اس معاملے میں ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔