نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا انقلابی اقدام سامنے آیا۔
خیبر پختونخوا کابینہ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے نوجوانوں کیلئے احساس روزگار ، احساس ہنر ، احساس اپنا گھر پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان پروگرامز کی تیاریاں مکمل، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے محکموں کو مفاہمت کی یادداشتوں کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ احساس نوجوان روزگار سکیم کے تحت دس ملین روپے تک کے آسان قرضے فراہم کیے جائیں گے، احساس روزگار سکیم کے تحت نیا کاروبار شروع کرنے اور موجودہ کاروبار کی توسیع کے لیے دو لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ مہیا کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا کابینہ ذرائع نے مزید بتایا کہ احساس ہنر پروگرام کے تحت ہنر مند نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے پانچ لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے’’احساس اپناگھر‘‘ پروگرام پر بھی پیشرفت کاجائزہ لیا ، جس کے تحت مستحق خاندانوں کومکان کی تعمیر، توسیع و مرمت کیلئے 15 لاکھ تک بلاسود قرضہ دیا جائے گا۔