نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ دو روز میں ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں طوفانی اور موسلادھار بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث تمام بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج شام یا رات سے کل تک وقفے وقفے کے ساتھ مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں بھی اربن فلڈنگ کا امکان ہے، تمام متعلقہ محکمے چوکس رہیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں یکم جولائی سے 17اگست تک ہونے والی موسلادھار بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کردی ۔
یکم جولائی سے 17 اگست تک 189 افراد جاں بحق ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 68 ، کے پی میں 65،سندھ میں 32 افراد جاں بحق ہوئے، اسی طرح بلوچستان میں 15، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

