گورنر خیبر پختونخوا نے چائنیز سائیکل سواروں کا صوبے میں داخل ہونے سے روکنے پر اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو صوبے میں روکنے کے اس عمل میں ملوث ہے یہ صوبہ دشمنی کی نہیں ملک دشمنی ہے۔
تحریک انصاف روز اول سے پاک چین تعلقات کو تباہ کرنے کے درپے ہے ۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ جو جماعت دہشت گردوں کو آباد کرتی ہے اور چین کے سیاحوں کو روکتی ہے اس کی ملک دشمنی شک سے بالا ہے۔ خیبرپختونخوا کی حکومت اپنے قائد اور ا س آقاؤں کے اشاروں پر پاک چین دوستی کو متاثر کرنے میں مصروف ہے۔
قبل از یں چائنیز سائیکل سوار پنجاب سے پشاور اور بعد ازاں افغانستان جارہے تھےجنہیں خیبر آباد کے مقام پر پولیس نے این او سی نا ہونے پر چائنیز سائیکل سواروں کو واپس بھجوا دیا۔ ڈی پی او نوشہرہ کے مطابق وزارت داخلہ سے اجازت لینے کے بعد ہی غیر ملکیوں کو داخلے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ چائنیز سائیکل سواروں کو صور ت حال سے آگاہ کرنے کے بعد بحفاظت پولیس سکواڈ کےساتھ اسلام آباد بھجوادیا گیا ۔
دوسری طرف خیبرپختونخوا پولیس نے چینی شہریوں کو صوبے میں داخل ہونے سے روکنے کی وضاحت کردی۔ خیبرپختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ چین کے سائیکلوں پر سوار سیاحوں کو بغیر این او سی کے صوبے میں داخلے سے روکا گیا ہے۔
وہ پنجاب سے نوشہرہ اور پھر پشاور میں داخل ہونے کے خواہشمند تھے۔ پولیس کے مطابق خیبر آباد کے مقام پر این او سی نہ ہونے کی وجہ سے چینی سیاحوں کو سائیکلوں کیساتھ واپس بھیج دیا گیا ہے کیونکہ صوبے میں وزارت داخلہ سے اجازت لینے کے بعد ہی غیر ملکیوں کو نقل و حرکت پر داخلے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔