ترنول، اسلام آباد میں کل ہونیوالے تحریک انصاف کے جلسے کے لئے اسلام آباد انتظامیہ نے این او سی منسوخ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی انٹیلی جنس کورآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیف کمشنر محمد علی رندھاوا نے کی۔ اجلاس میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی اور پولیس کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے اسلام آباد ترنول جلسے پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیس اور انتظامیہ کے لئے پی ٹی آئی کے جلسے کا انعقاد ناممکن ہے۔
چونکہ تحریک ختم نبوت بھی کل سپریم کورٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے گی اورمختلف سیاسی و مذہبی جماعتیں بھی سپریم کورٹ کے سامنے مبارک ثانی کیس پر احتجاج کریں گی۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم بھی اسلام آباد میں موجود ہے اور دہشتگردی کے خطرات بھی ہیں۔
لہذا تحریک انصاف کے جلسے کا انعقاد خطرے سے خالی نہیں، این او سی کا اجراء غیرمحفوظ ہے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ اسلام آباد کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں کسی قسم کے مجمعے یا جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔