پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ملکی معاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں ، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ہونے کے باوجود عوام کی فکر ہے ۔ ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کسی سے مذاکرات نہیں کر سکتے، ملکی صورتحال کو دیکھ کر بانی پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا کہ مقتدر حلقوں سے بات چیت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات ہیں، معیشت گر چکی ہے لوگوں کے جینے کا جو سہارا ہے وہ بھی ختم ہوتا جا رہا ہےجن لوگوں کے پاس پیسے ہیں وہ تو باہر جا رہے ہیں جن کے پاس پیسہ نہیں ہے یہاں مزدوری کر کے اپنے بچوں کیلئے رزق کما رہے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سی جی 125 کی ستمبر کیلئے قیمت سامنے آگئی
انہوں نے کہا کہ ملکی برے حالات کو دیکھ کر عمران خان نے فیصلہ کیا کہ مقتدر حلقے ہیں جن کے پاس فیصلہ سازی کا اختیار ہے ان کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح لیگی رہنما خواجہ آصف اور احسن اقبال باتیں کر رہے ہیں انہیں تو عوام نے مسترد کر دیا ہے ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کسی کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے ۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ قانون و انصاف کی بالادستی ہو اور نومئی واقعات پر باقاعدہ تحقیقات ہوں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جنہیں سیاسی کہا جاتا ہے وہ بک چکے ہیں ، ان کی کوئی حیثیت نہیں اور نہ ہی ان کی عوام میں کوئی پذیرائی ہے۔ یہ جو حکومت میں بیٹھے ہیں، یہ فارم 47 کی گورنمنٹ ہے اور ناجائز طریقے سے بیٹھے ہیں۔

