موسمیاتی الرٹ: مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی

موسمیاتی الرٹ: مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی
اسلام آباد: ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ مون سون بارشوں کا یہ سپیل 4 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں بارش ریکارڈ کی گئی: لاہور میں 50 ملی میٹر، نارووال میں 68 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 55 ملی میٹر، گجرانوالہ میں 41 ملی میٹر، اٹک میں 37 ملی میٹر، مری میں 33 ملی میٹر، اور حافظ آباد میں 23 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ، ڈیرہ غازی خان میں 60 ملی میٹر، گجرات میں 18 ملی میٹر، اور دیگر علاقوں جیسے جہلم، منگلا، اٹک، منڈی بہاوالدین، چکوال، راولپنڈی، کوٹ ادو، جوہرآباد، اور بہاولپور میں بھی بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
ی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 4 ستمبر تک دریائے جہلم اپ سٹریم میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دریائے سندھ میں نچلے درجے کے سیلاب جبکہ دریائے چناب اور راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ فی الحال، پنجاب کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ دریائے سندھ، چناب، راوی، جہلم، اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔
ڈیرہ غازی خان، ووڈور، اور سوری لنڈ رود کوہی میں درمیانے درجے کا سیلاب رپورٹ ہوا ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 80 فیصد اور تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق پی ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے التماس کی ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان اور بالائی/جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔بالائی خیبرپختونخوا، پوٹھوہار اور وسطی پنجاب میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، قصور، ساہیوال، پاکپتن، ٹوبہ سنگسر، جھنگ، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، لیہ، بھکر، ملتان، خانیوال، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، خان پور، کوٹ ادو اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات سے متعلق محمود خان اچکزئی کابڑا بیان آگیا

خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، خیبر، کوہاٹ، کرم، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، لورالائی، کوہلو، سبی، کوئٹہ، چمن، پشین، زیارت، قلات، خضدار اور آواران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کے ساتھ موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *