قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بہترین معیشت چل رہی تھی جس کو پی ڈی ایم حکومتوں نے تباہ کیا ۔
تفصیلات کے مطا بق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمرایوب نے کہا کہ چلتی ہوئی معیشت کو تباہ کیا گیا، جس کا خمیازہ آج ہم سب بھگت رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے محمود خان اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا ٹاسک دیا ہوا ہے، اس کے علاوہ ہم نے کسی سے منت سماجت نہیں کی۔
ا ن کا کہنا ہے کہ منتیں تو خواجہ آصف نے کیں ، وہ روتے بھی تھے اور نواز شریف کی پلیٹ لیٹس جو گرتی تھیں تو وہ جھوٹی رپورٹس بناتے تھے اور غلط رپورٹس کابینہ کو پیش ہوتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی غلطی نہیں وہ کھسک گئے ہیں، خواجہ آصف سے اپنی پارٹی کے لوگ تنگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف اللہ رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں ، اس کے علاوہ معافی وہ مانگتا ہے جس نے کوئی غلط کام کیا ہو ہم نے ایسا کچھ نہیں کیا۔
بانی پاکستان تحریک انصاف کے حکم کے مطابق 8ستمبر کو اسلام آباد میں بھرپور جلسہ کریں گے۔ عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم نے ملکی معیشت کو زمین بوس کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کامشکل وقت میں اپنے عوام کاساتھ دینے کافیصلہ
ہمارے دور میں اربوں روپے ڈالر ریزرو تھے، چلتی پھرتی معیشت کو تباہ وبرباد کیا گیا، اُس وقت بیرون ملک کے لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے تھے، آج نوجوان باہر جانے کے لیے پاسپورٹ کے لیے لائنوں میں لگے ہوئے ہیں۔