اسلام آباد جلسے میں آنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کا پولیس سے تصادم ہوا ہے۔
26 نمبر چونگی پر جلسے میں آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کی گئی۔ پولیس کے روکنے پر جلسے کے شرکاء نے پتھراؤ کیا۔
ذرائع کے مطابق جلسے کے شرکاء کے پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کی جانب سے بھی جوابی شیلنگ کی گئی، پولیس ترجمان کا کہنا ہےکہ روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکاء نے پولیس اہلکاروں پر شدید پتھراؤ کیا، پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیرداخلہ نے رپورٹ طلب کرلی
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لے لیا اور آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فونک رابطہ۔ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجےکی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے دیا گیا وقت ختم، جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری
خیال رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے آج پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی تھی جس کے تحت جلسہ7 بجے تک ختم کرنا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسہ منتطمین نے این او سی کے قواعد و ضوابط کےخلاف ورزی کی ہے، پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں اور جلسہ منتظمین کو بھی کارروائی سےمتعلق آگاہ کردیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے، خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں جو ریلی آنی تھی وہ تاحال جلسہ گاہ نہیں پہنچ سکی۔
یہ بھی پڑھیں:اگر بانی پی ٹی آئی کو رہا نہ کیا تو ہم پورے ملک میں تحریک چلائیں گے: محمود اچکزئی
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کی اطلاعات من گھڑت ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے این او سی منسوخ کیے جانے کے باوجود ہر صورت 22 اگست کو جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم یہ جلسہ ملتوی کر دیا گیا۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا تھا کہ جلسہ اب آئندہ ماہ 8 ستمبر کو ہو گا۔
مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ’22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، آٹھ ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔‘