پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق شیر افضل مروت کو تھانہ کوہسار پولیس نے پارلیمنٹ کے باہر گرفتار کیا۔ پولیس شیر افضل مروت کو لے روانہ ہوگئی۔ پولیس نے مزاحمت کرنے پر شیر افضل مروت کے گارڈ کو بھی گرفتار کرلیا۔ شیر افضل مروت کو چونگی نمبر 26 میں جلسہ مقرر کردہ وقت پر ختم نہ کرنے اور بدنظمی کی وجہ سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاریاں نئے قانون کے تحت کی جارہی ہیں۔
مزید پڑھیں: کسی کا باپ بھی مجھے عمران خان سے جدا نہیں کرسکتا،شیر افضل مروت
جبکہ پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریاں بھی شروع کر دی گئیں۔ شیر افضل مروت کی گرفتاری پر ردِعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ مقدمات اور گرفتاریاں ہمیں ہمارے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے شام سے ہی ریڈزون کو کنٹینرز لگا کر سیل کرنا شروع کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حالیہ جلسے کے منتظمین کے خلاف تین مقدمات درج کیے ہیں۔ ان مقدمات میں جلسے کے وقت کی پابندی نہ کرنے، پولیس پر پتھراؤ، اور روٹ کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پہلا مقدمہ تھانہ سنگجانی میں پی ٹی آئی جلسے کے معینہ وقت کی پاس داری نہ کرنے پر درج کیا گیا۔ دوسرا مقدمہ تھانہ سمبل میں جلسے کے قافلے کے سادات کالونی اور سری نگر ہائی وے سے گزرنے پر درج کیا گیا جبکہ تیسرا مقدمہ تھانہ نون میں پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کرنے کے الزام میں درج کیا گیا۔