خیبر پختونخوا کے صحافیوں کی جانب سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے صحافیوں سے متعلق نا زیبا ریمارکس پر خیبر پختونخوا اسمبلی کی پریس گیلری سے احتجاجا واک آوٹ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے صحافیوں نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے صحافیوں سے متعلق نازیبا ریمارکس پر اسمبلی کے اجلاس سے احتجاجا واک آوٹ کیا۔ جس کی قیادت خیبریونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین اور پریس گیلری کے سیکرٹری رسول داوڑ نے کی۔ اس موقع پر سینئر بخت زادہ یوسفزئی، ذوالفقار علی شاہ، فرید اللہ، شاہدہ پروین، فدا عدیل، شہاب الدین، محمد نعیم ، ظفر اقبال، عظمت گل، خالد خیشگی، عمیریاسر اور دیگر بھی موجود تھے۔ صحافیوں نے اس موقع پر ایوان کے باہر نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور اپنے ریمارکس پر معذرت کریں۔ بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: امن و امان اور ابتر معاشی صورتحال ،خیبرپختونخوا حکومت کا وفاق سے رابطے کا فیصلہ
بعد ازاں صوبائی وزراء ظاہر شاہ طورو، مینا خان آفریدی، سید قاسم علی شاہ ، عاقب اللہ خان اور دیگر اراکین اسمبلی صحافیوں کو منانے ایوان سے باہر آئے۔ اس موقع پر صدر ناصر حسین اور دیگر صحافیوں نے صوبائی وزراء کے سامنے صحافی برادری کے مطالبات پیش کئے۔ صوبائی وزراء نے وزیر اعلٰی کی جانب سے یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعلٰی اپنے الفاظ کی نہ صرف وضاحت کریں گے بلکہ ان صحافیوں کی نام بھی سامنے لائیں گے جو صحافی برادری کی بد نامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی آزادی رائے اور جمہوریت کے تسلسل کیلئے ان کی خدمات کی معترف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلٰی ایوان میں آکر بھی ان معاملات کی وضاحت کریں گے۔ صوبائی وزراء کی یقین دہانی پر صحافیوں نے احتجاج موخر کردیا۔