آئینی ترمیم کے معاملے پر سینیٹ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے 2 ووٹ اہمیت اختیارکرگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سردار اختر مینگل سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سردار اختر مینگل نے آئینی ترامیم کا مسودہ مانگ لیا ہے اور صادق سنجرانی نے سردار اختر مینگل کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سردار اختر مینگل نے سینیٹ کے 2 ووٹوں کے بدلے 2 ہزار لاپتا افراد کی فوری بازیابی کامطالبہ کردیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ صادق سنجرانی نے سردار اختر مینگل کے مطالبات پر بات چیت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ادھر وفاقی کابینہ کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بھی تاخیر کا شکار ہو گیا اور اسمبلی کا اجلاس مزید چار گھنٹے تاخیر کے بعد رات آٹھ بجے شروع ہونے کا امکان ہے جس میں ممکنہ طور پر آئینی ترمیم کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے ہونا تھا لیکن بعد ازاں یہ تاخیر کا شکار ہو گیا اور اب یہ چار گھنٹے بعد رات 8 بجے شروع ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا سہ پہر تین بجے ہونے والا اجلاس بھی تاحال شروع نہ ہو سکا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔

