شیخ حسینہ کے بعد پاک بنگلہ دیش روابط میں اہم پیشرفت متوقع

شیخ حسینہ کے بعد پاک بنگلہ دیش روابط میں اہم پیشرفت متوقع

شیخ حسینہ کی معزولی کے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان روابط میں اہم پیشرفت متوقع ، دونوں ملکوں نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے خاموشی سے کام شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بنگال کی سابق وزیر اعظم کے معزول ہونے کے بعد اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان روابط میں بہتری کی راہ بھی ہموار ہونے لگی ہے ۔ شیخ حسینہ کے15سالہ دور اقتدار میں پاکستانی سفارتکاروں کے لیے بنگلہ دیشی حکام تک رسائی آسان نہیں تھی، اس کے برعکس چند ہفتے کے دوران پاکستانی سفارتکاروں نے عبوری حکومت کے ارکان سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں ۔

دونوں ممالک کے تعلقات کو قریب لانے کے لیے حال ہی میں بنگلہ دیشی سربراہ عبوری حکومت ڈاکٹر یونس کیساتھ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس کے باعث دوطرفہ روابط میں بہتری کی امیدیں روشن ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی ہائی کمشنر اور بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں جائنٹ اکنامک کمیشن سمیت دوطرفہ تعاون کا تمام میکانزم بحال کرنے پر بات کی۔

دوطرفہ تجارتی روابط پر بات چیت کے لیے جائنٹ اکنامک کمیشن فورم حسینہ واجد کے دور میں مکمل طور پر غیر فعال رہا۔ اس حوالے سے بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر احمد معروف نے مشیر خارجہ توحید حسین سے ملاقات میں پاکستانیوں کے لیے ویزوں کا حصول آسان بنانے،دونوں ملکوں کے مابین پروازوں کی بحالی اور دوطرفہ روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئندہ ماہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف کی ڈاکٹر یونس سے سائیڈ لائن ملاقات کا بھی امکان ہے ۔ مبصرین کے مطابق تلخ تاریخ کے باوجود بنگلہ دیش میں پاکستان کیلئے خیرسگالی کے جذبات پائے جاتے ہیں ، جن کا اظہار بنگلہ دیش میں پہلی بار قائد اعظم کی برسی منا کر کیا گیا ۔ ڈھاکہ یونیورسٹی کے پروفیسر شاہد الزمان نے دونوں ملکوں میں نیوکلیئر معاہدہ کی تجویز دی اور پاکستان کو قابل اعتماد پارٹنرقرار دیا ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *