اسلام آباد: انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی ایم این ایز کی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے خلاف تھانہ سنگجانی میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی کے ایم این ایز کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی ہے۔ ہر ایم این اے کے لیے 30,000 روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی گئی اور تمام گرفتار ایم این ایز کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر بلدیات بلوچستان سردار سرفراز چاکر ڈومکی انتقال کر گئے
ضمانت کی درخواستوں پر سماعت جج ابو الحسنات محمد ذولقرنین نے کی۔ اس موقع پر پراسیکیوشن نے عدالت میں کہا کہ مقدمے میں شامل دفعات کی سزا کم سے کم تین سال ہے، لہذا ضمانت منظور نہ کی جائے۔ تاہم، جج ابو الحسنات نے سوال کیا کہ کیا اس مقدمے میں گرفتار ایم این ایز، جیسے شیر افضل مروت، احمد چٹھہ، اور دیگر سے کچھ برآمد ہوا ہے؟ پراسیکیوشن نے جواب دیا کہ اس وقت تک کچھ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔
گرفتار پی ٹی آئی ایم این ایز میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص، ذین قریشی، احمد چٹھہ، عامر ڈوگر، یوسف خان، نعیم علی شاہ، اویس حیدر جکھڑ، شاہ احد، اور زبیر خان شامل ہیں۔ ان پر تھانہ سنگجانی، ترنول، نون، اور تھانہ سنبل میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔