تحریک انصاف ناراض رکن قومی اسمبلی مبارک زیب کو منانے میں کامیاب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے فوکل پرسن اور رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے مبارک زیب سے ملاقات کی اور انہیں پارٹی میں واپس شامل ہونے پر راضی کر لیا۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے ناراض اہم رکن قومی اسمبلی کو منالیا
مبارک زیب نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی میں اختلافات اور گلے شکوے تو معمول کی بات ہیں لیکن جب بات پارٹی کے بانی اور ہمارے لیڈر کی ہوتی ہے، تو ہم سب متحد ہیں۔
یاد رہے کہ مبارک زیب نے رواں سال 16 اپریل کو باجوڑ میں ضمنی انتخابات کے لیے ٹکٹ نہ ملنے پر الزام لگایا تھا کہ انہیں الیکشن نہ لڑنے کے بدلے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی طرف سے 7 کروڑ روپے اور سرکاری نوکری کی پیشکش کی گئی تھی۔
تاہم وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔