وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت دے دی ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، اس لیے انہیں حکومت سازی کا موقع دیا جانا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے عمل میں پیپلز پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، تاہم جماعت اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے منتخب اراکین پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے ووٹ دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ فیصلہ جمہوری روایات اور سیاسی اقدار کے مطابق کیا گیا ہے اور مسلم لیگ (ن) ہمیشہ اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ احترام اور تعاون کے رشتے کو مقدم رکھتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان میں اکثریت کو تسلیم کرنا جمہوری روایت کا تسلسل ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت بنانے کی دعوت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اتفاق رائے کے تحت گورنر گلگت بلتستان اور ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کے پاس ہوگا، انہوں نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔