تحریک انصاف کو لاہور میں جلسے کی اجازت مل گئی ، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے لاہور جلسے کیلئے خصوصی پیغام جاری کردیا ۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے خصوصی پیغام میں کہا کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کل جلسے کیلئے این او سی جاری کیا جس پر ان کے مشکور ہیں ، ضلعی انتظامیہ سے درخواست ہے کہ کل کوئی رکاوٹ کھڑی نہ کریں تاکہ لوگ جلسہ گاہ پہنچے اور یہ عمل بروقت مکمل ہوسکے۔
بیرسٹر گوہر علی کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی ووٹرز اور سپورٹرز زیادہ سے زیادہ اور پرامن طریقے سے جلسہ گاہ پہنچیں،یہ خان صاحب کی آواز ہے،تحریک انصاف کے کارکنان ایک بجے پرامن طریقے سے جلسے میں شرکت کریں۔
ان کاکہنا تھا کہ پنجاب اور بالخصوص لاہور کے عوام سے درخواست ہے کہ زیادہ سے زیادہ جلسے میں شرکت کریں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایس او پیز کے ساتھ جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا، لیکن مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہيں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کوکل لاہور میں جلسے کی اجازت مل گئی
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو لاہور رنگ روڈ، کاہنا پر سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
ضلعی انتظامیہ نے 43 شرائط و ضوابط کے ساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی ہے اور ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 8 ستمبر کے جلسے میں سخت زبان پر معافی مانگنا ہوگی اور جلسے کی سکیورٹی آرگنائزرز کے ذمے ہوگی۔
یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پاکستان تحریکِ انصاف کی لاہور میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔