نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے ملک بھر میں بارشوں کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
جاری کردہ الرٹ کے مطابق 26ستمبر سے یکم اکتوبر تک ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔این ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
جبکہ سندھ کے کچھ علاقوں میں 26 سے 28 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کی توقع ہے۔موسلادھار بارشوں کی وجہ سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جس کے باعث رابطہ سڑکوں کو نقصان یا بندش کا سامنا ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: بارشوں کے ایک اور طویل سلسلے کی پیشنگوئی کر دی گئی
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ رکھنے، ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل کی یقین دہانی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں ضروری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہمتعلقہ محکموں کو مقامی انتظامیہ اور عوام کو موسم کی پیشن گوئی، ایڈوائزری اور الرٹس کی بروقت آگاہی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں پیشگی اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ ضروری مشینری کی قبل از وقت دستیابی کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے تاکہ رابطہ سڑکوں کی ممکنہ بندش سے بروقت نمٹا جا سکے۔