ایف آئی اے کی بڑی کارروائی ، جعلی ادویات کی خریدوفروخت کا ملزم گرفتار دورانِ تفتیش اسمگلڈ اور جعلی ادویات جناح ہسپتال کو دینے کا اعتراف کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کراچی نے کشمیر روڈ پر ایک گھر پر چھاپہ مارا ، اور ملزم معصوم احمد کو پکڑا ہے۔ایف آئی اے نے معصوم احمد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ ممنوعہ ادویات برآمد کی ہیں اور دورانِ تفتیش ملزم معصوم احمد نے رضاکارانہ طور پر ممنوعہ ادویات کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور ملزم کی نشاندہی پر ایف آئی اے نے اسمگل شدہ ادویات اور لینسز برآمد کرلئے ہیں۔ ایف آئی اے نے تفتیش کا دائرہِ کار بڑھاتے ہوئے جناح ہسپتال کو خط لکھا ہے اور جناح ہسپتال کو آگاہ کیا ہے کہ جناح ہسپتال کے کسی ذمہ دار افسر کو ایف آئی اے کی انکوائری میں بھیجا جائے تاکہ جناح ہسپتال کے زمہ دار افسر کا بیان اس حوالے سے ریکارڈ کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: موٹر وے ایم -1 اور ایم-2 احتجاج کے پیشِ نظر بند رکھنے کا فیصلہ
ایف آئی اے کی تحریری تفتیش اور چھان بین میں ملزم نے جناح ہسپتال کو اسمگل شدہ ممنوعہ ادویات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے اور ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ملزم سے جناح ہسپتال کی انتظامیہ اسمگل شدہ ممنوعہ ادویات لیتی رہی ہے ۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے اعترافِ جرم کے حوالے سے جناح ہسپتال کے ذمہ دار افسر کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا ۔ ایف آئی اے کے تفتیشی حکام کےمطابق ہر ماہ ملزم 50 کروڑ روپے کی اسمگل شدہ ادویات جناح ہسپتال کو فروخت کرتا تھا ۔