پاکستانی حکومت نے ملازمت یا وزٹ ویزے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے والے پاکستانیوں کے لیے خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی پوسٹس شیئر کرنے سے گریز کریں جو مذہبی جذبات کو مجروح کرتی ہوں یا غیراخلاقی، بیہودہ مواد یا انسانی اسمگلنگ سے متعلق معلومات پر مشتمل ہوں۔ جاری ایڈوائزری کے مطابق دوسرے ممالک کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والی پوسٹس نہ کریں، احتجاج میں حصہ لینے یا دھمکی آمیز مواد کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے بچیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سی ڈی 70نے سال 2025 ماڈل کی خریداری آسان بنا دی
ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت کسی کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر نہ کریں، حساس مقامات کی تصویریں نہ لیں اور دوسروں کی رازداری کا احترام کریں۔ افواہوں یا گمراہ کن معلومات پھیلانے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ منشیات اور ممنوعہ اشیاء پر مشتمل ادویات کے استعمال سے سختی سے پرہیز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے خبردار کیا ہے کہ یو اے ای میں قوانین کی خلاف ورزی کے نتیجے میں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جن میں جیل، بھاری جرمانے اور ملک بدری شامل ہیں۔