پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار مفاد عامہ کے مسئلے کی براہ راست کوریج کروائی گئی۔
اس حوالے سے پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی چھ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سمیع اللہ خان کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں جمخانہ کی لیز کے معاملے پر اظہار برہمی کیا گیا اور کمیٹی نے محکموں سے 960 کنال اراضی کی 417 روپے ماہانہ لیز کی وضاحت طلب کر لی ہے۔ سمیع اللہ خان نے کہا کہ وہ جمخانہ کے معاملے پر کسی بھی قسم کے پریشر کو برداشت نہیں کریں گے اور اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
اجلاس کے دوران پیش کی جانے والی رپورٹس میں انکشاف ہوا کہ حکومت کی 960 کنال اراضی پر قائم لاہور جمخانہ سالانہ صرف 5 ہزار روپے کی آمدنی فراہم کر رہا ہے۔ کمیٹی نے اس معاملے پر سوالات اٹھائے اور محکموں کو ایک ہفتے میں تمام تفصیلات جمع کروانے کی ڈیڈ لائن مقرر کی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ جمخانہ کا معاملہ کئی بار اٹھایا گیا لیکن سیاسی اثر و رسوخ کی بنا پر اسے دبا دیا جاتا رہا۔ اس انتہائی قیمتی سرکاری اراضی کی آمدن اربوں روپے ہے لیکن حکومت کے کھاتے میں فی کنال صرف 50 پیسے جمع کروائے جاتے ہیں۔
چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سمیع اللہ خان نے سیکرٹری کالونی، سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈپٹی کمشنر کو آئندہ اجلاس میں تمام متعلقہ ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا پابند کر دیا۔ انہوں نے سیکرٹری قانون کو بھی حکم دیا کہ وہ جمخانہ کی لیزنگ کے معاملے پر تمام آئینی پہلوؤں اور ممبران کے سوالات کے جوابات مرتب کریں۔