اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )رہنما زرتاج گل اور عامر مغل کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 14 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل، عامر مغل اور علی بخاری کے خلاف 26 نمبر چنگی میں توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی،عدالت نے علی بخاری کی 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت کی توثیق کر دی۔ جبکہ زرتاج گل اور عامر مغل کی حاضری سے استثنیٰ کی دائر درخواستیں منظور کر لی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ
قبل ازیں تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ کی 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج کے دوران درج دہشتگردی کے مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو ان کی گرفتاری سے روکا اور مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا۔
عدالت نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق اور 80 سالہ روشن بی بی کو بھی مقدمے سے ڈسچارج کر کے رہا کر دیا۔ اس کے علاوہ، مجموعی طور پر 6 خواتین کو بھی مقدمات سے ڈسچارج کر کے رہا کیا گیا۔