ایران نے اسرائیل پر 400 میزائلوں سے حملہ کردیا

ایران نے اسرائیل پر 400 میزائلوں سے حملہ کردیا

ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغ دیئے، حملے کے بعد اسرائیل میں سائرن بج اٹھے۔

ایران کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اسرائیل پر 400 کے قریب بیلسٹک میزائل، کروز میزائل اور ڈرونز فائر کئے ہیں۔ میزائلوں کا ہدف دارالحکومت تل ابیب ہے۔

اسرائیلی فوج نے بتایاکہ ایران نے بیلسٹک میزائل داغے ہیں جس کے بعد مختلف علاقوں میں سائرن بجنے لگے، اسرائیل نے تمام شہریوں کو محفوظ مقام پر جانے کا کہہ دیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور شیرون میں راکٹ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے بتایاکہ میزائل حملوں کے دوران شیلٹرز میں جانے کیلئے بھگدڑ میں کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی گئی۔اسرائیلی میڈیا نے بتایاکہ اسرائیل کی فضائی حدود بند کردی گئی ہیں اور ہوائی اڈوں پر موجود تمام مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

حملے کے بعد اسرائیلی نے جنگی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا جبکہ امریکی صدر نے بھی قومی سلامتی ٹیم کی میٹنگ بلالی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئل ہیگارے نے کہا کہ امریکا نے ممکنہ ایرانی حملے سے متعلق اسرائیل کو آگاہ کیا ہے، اسرائیل اپنے حلیف ممالک کے ہمراہ انتہائی چوکس ہے۔

اسرائیلی وزیر خزانہ بیزالیل سموترخ نے تل ابیب پر میزائل حملے پر ردعمل دیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دھمکی آمیز بیان میں کہا کہ غزہ، حزب اللہ اور لبنانی ریاست کی طرح ایران بھی اس لمحے پر پچھتائے گا۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کابدلہ قرار دیا ہے۔ پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو دوبارہ نشانہ بنایاجائے گا۔

اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے ضلع یافا میں دومسلح افراد کی فائرنگ سے 8 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ فورسز نے 2 حملہ آوروں کو مار دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ فائرنگ کرنے والے دو افراد کو ہلاک کر دیا گیا اور متاثرہ شہریوں کے اہل خانہ کو واقعہ کے حوالے سے مطلع کر دیا گیا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ مبینہ طور پر دہشت گرد حملہ ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے ایرانی حملوں کے بعد امریکی افواج کو اسرائیل کا دفاع کرنے کا حکم دے دیا۔ ترجمان وائٹ ہائوس نے بتایا کہ ایرانی حملوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، امریکی صدر بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس وائٹ ہاس میں موجودر ہیں۔

وائٹ ہائوس کے مطابق جو بائیڈن نے امریکی فوج کو اسرائیل آنے والے ایرانی میزائلوں کو مار گرانے اور اسرائیل کا دفاع کرنے کا حکم دے دیا۔

ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد غزہ اور لبنان میں شہری جشن منا یا ۔غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد لبنان کے دارالحکومت بیروت میں آتش بازی بھی کی گئی۔غزہ میں بھی شہری سڑکوں پر نکل آئے ، جشن منایا اور خوشی کا اظہار کیا ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *