ایم ڈی کیٹ سال 2024 کا پرچہ لیک ہونے کے معاملے پر طلبہ نے سندھ ہا ئی کورٹ سے رجوع کرلیا جس پر صوبائی عدالت نے تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپر لیک ہونے کے معاملے پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر محبوب نوناری بھی عدالت پہنچ گئے۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 2023 کی طرح اس سال بھی ایم ڈی کیٹ کا پیپر وقت سے پہلے آؤٹ ہوگیا اور اسے لاکھوں روپے میں فروخت کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے ہونہار طلبہ کے ساتھ ایک مرتبہ پھر زیادتی ہو رہی ہے۔ پرچہ لیک ہونے سے میرٹ کی پامالی ہوئی ہے۔ عدالت ایم ڈی کیٹ پرچہ لیک ہونے پر انکوائری کا حکم دے۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ میں بند دروازوں کا کوئی وجود نہیں، چیف جسٹس
درخواست میں مزیدکہا گیا ہے کہ پرچہ لیک کرنے میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ جب تک انکوائری نہیں ہوتی تب تک ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو معطل کیا جائے۔ انکوائری مکمل ہونے تک امتحانی نتائج کو بھی روکا جائے۔

