الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے میں تاخیر کا الزام پارٹی پر عائد کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے بار بار خود ہی سماعت ملتوی کرنے کی درخواستیں کی ہیں، جس کی وجہ سے کیس تاحال حل نہیں ہو سکا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے 13 جون 2021 کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے تھے، لیکن مقررہ وقت پر انتخابات نہیں ہوئے۔ بعد میں انہیں ایک سال کی مہلت دی گئی، مگر وہ بھی نامکمل دستاویزات کے ساتھ گزار دی گئی۔ حال ہی میں پی ٹی آئی نے 3 مارچ 2024 کو انٹرا پارٹی انتخابات کروائے، لیکن ان انتخابات میں بھی کئی خامیاں تھیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ وہ قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے پی ٹی آئی کو بار بار موقع فراہم کر رہا ہے، لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے مسلسل التوا کے مطالبے کے باعث معاملہ سست روی کا شکار ہے۔ آج کی سماعت میں بھی پی ٹی آئی نے مزید مہلت کی درخواست کی، جسے قبول کرتے ہوئے کیس کو 22 اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر نے عدالت میں کہا کہ وہ ایف آئی اے سے ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی انہیں یہ ریکارڈ مل جائے گا۔