وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہء حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کا صحیح تشخص سے روشناس کروایا۔ وزیراعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نائیک کے سامعین میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے،میں بھی آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو کہ انتہائی مؤثر اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ڈاکٹر نائیک کا بیٹا بھی دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم سے اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا جس کی یادیں آج بھی تازہ ہیں۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہاکہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو کہ اسلام کے نام پہ بنا۔ وزیراعظم نے اس بات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہء حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے۔
ڈاکٹر نائیک نے مزید کہا کہ میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں۔ انہوں نے پاکستان دورہ کے دوران اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔