عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انقلاب سے متعلق بیان کی تائید کی، تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بڑا انکشاف کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں میزبان وسیم بادامی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور کے انقلا ب کے حوالے سے بیا ن کی تائید کی ہے۔ اس پر میزبان نے سوال کیا کہ ’کیا ہم یہ سمجھیں کہ علی امین گنڈاپور نے جو کہا کہ اگر آپ ایک گولی چلائو گے تو ہم دس گولیاں چلائیں گے، اس کو عمران خان کی تائید حاصل ہے؟‘
مزید پڑھیں: راولپنڈی احتجاج، ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے بیچ راستے چھوڑنا پڑا، علی امین گنڈا پور کا انکشاف
جس کا جواب دیتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سیلف ڈیفنس کا حق ہمیں آئین دیتا ہے، خیبرپختونخوا کا کلچر بھی یہی ہے کہ اسلحہ ان کے زیور کی طرح ہے، چاہے وہ حالت ِ امن میں ہوں۔خیبرپختونخواکے لوگ اپنے بچوں کو آپ سے گولیاں مروانے کیلئے نہیں بھیج رہے۔ وہ بجا طور پر حق پر ہے کہ سیلف ڈیفنس کا حق اسے آئین دیتا ہے۔جن کا کلچر ہے آپ کیا توقع کرتے ہیں وہ آپکو کیا جواب دیں گے؟۔
وسیم بادامی نے اپنا سوال دہراتے ہوئے پوچھا ’توآپ کہہ رہے ہیں جواب میں آپ بھی گولی چلائیں گے؟‘ جس پر شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ یہ میں نے نہیں کیا۔میں کہہ رہا ہوں جب آپ اس صوبے کے وزیراعلیٰ جو اپنے ساتھ نوجوانوں کو لے کر آرہا ہے اس کیساتھ یہ سلوک کریں گے تو وہ وہی جواب دیں گے جو ان کی روایت رہی ہے۔
اگر آپ پختونوں پر گولیاں چلائیں گے تو وہ اپنی قومیت تو نہیں چھوڑیں گے وہ کہیں گے کہ ہم نے آپکے لیے شہادتیں دی ہیں آپ ہمیں کیو ں مار رہے ہو۔