پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا استعفیٰ منظور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی سی بی نے اپنےایک بیان میں کہا کہ بابر اعظم کے فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی پوری توجہ بیٹنگ پر مرکوز ہے۔ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی مستقبل کی وائٹ بال کی حکمت عملی تیار کرنے کا عمل شروع کرے گی جس میں نئے کپتان کی سفارش بھی شامل ہے۔ پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ بورڈ پہلے بھی بابر اعظم کو سپورٹ کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔
پی سی بی نے مزید کہا کہ بابر اعظم کے پاس پاکستان کرکٹ کو دینے کے لیے ابھی بہت کچھ ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگرچہ پی سی بی نے بابر اعظم کی وائٹ بال کے کپتان کے طور پر حمایت کی تھی لیکن ان کا مستعفی ہونے کا فیصلہ ایک کھلاڑی کے طور پر بہت زیادہ توجہ دینے کی خواہش ظاہر کرتا ہے، یہ فیصلہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاکستان کرکٹ سے وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بابر اعظم کو یقین ہے کہ اپنی بیٹنگ کے لیے خود کو پوری طرح وقف کر دینے سے وہ شارٹ فارمیٹس میں ٹیم کی کامیابی میں زیادہ فیصلہ کن کردار ادا کرسکیں گے۔دوسری جانب بابراعظم کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ میرے لیے سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور میں نے ہمیشہ ٹیم کی کامیابی کو ہر چیز پر فوقیت دی ہے۔
کپتان کے عہدے سے سبکدوش ہونے سے مجھے بطور کھلاڑی ٹیم کے لیے اور بھی زیادہ کام کرنے میں مدد ملے گی اور میں اس راستے پر پوری طرح پُرعزم ہوں، ٹیم کی کامیابی میرے لیے سب سے اہم ہے۔ بابر کا مزیدکہنا تھا کہ مجھے5 قابل ذکر سال تک پاکستان کی قیادت کرنے کا اعزاز حاصل ہے، ہمیشہ کپتان اور کھلاڑی دونوں کے طور پر اپنا بہترین پیش کرنے کی کوشش کی ہے، اس مرحلے پر مجھے پختہ یقین ہے کہ میں اپنی بیٹنگ پر توجہ دے کر بڑا اثر ڈال سکتا ہوں۔