سندھ میں ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آن لائن سہولت متعارف کروا دی گئی ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف تین دن میں 12 ہزار سے زائد شہریوں نے رجسٹریشن کروا لی ہے، جبکہ 1,100 افراد نے اپنے لائسنس بھی بنوائے ہیں۔ غلام نبی میمن نے مزید بتایا کہ میڈیا میں خبر کی اشاعت کے بعد اس تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں رش کم ہو، اور آئندہ مراحل میں قانون کے نفاذ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سوزوکی جی ایس ایکس 125 پر شاندار آفر لگا دی گئی
انہوں نے وضاحت کی کہ سڑک حادثات کی بڑی وجہ وہ ڈرائیور ہیں جو گاڑی چلانا نہیں جانتے۔ پہلے سختی نہ کرنے کی وجہ یہ تھی کہ برانچز پر زیادہ رش ہو جائے گا، لیکن اب جن لوگوں نے ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنوائے، انہیں اس آن لائن سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
آئی جی سندھ نے اناڑی ڈرائیورز کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اب کوئی بھی بغیر لائسنس گاڑی چلانے والا ڈرائیور قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہاں قانون پسند شہریوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی، وہیں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ سڑکوں پر عوام کی جان کو محفوظ بنایا جا سکے۔