سینئر صحافی حسن ایوب نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے متعلق تہلکہ خیز دعویٰ کر دیا۔
صحافی حسن ایوب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹویٹ میں لکھا کہ ’’تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گنڈا پور نے متعلقہ حکام سے آج رات اٹک کے نزدیک پڑاؤ ڈالنے کی اجازت مانگی ہے کیونکہ پچھلی دفعہ بھی لاہور اور پنڈی جلسہ کی شام چند منٹوں میں ہی جلسہ گاہ سے بھاگنے پر گنڈا پور کی کافی سر زنش ہوئی تھی۔‘‘

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ ’’بظاہر اس دفعہ گنڈا پور کو اٹک کے آس پاس رات گزارنے کی اجازت مل جائے گی کیونکہ ویسے بھی علی امین گنڈا پور کو معلوم ہے کہ کل تو اسلام آباد اور پنڈی میں ایس سی او کی سیکورٹی کے لئے 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک فوج تعینات ہو رہی ہے ۔پارٹی کارکنوں اور نااہل عمران احمد نیازی کو مطمئن کرنے کے لئے گنڈا پور آج رات باہر کھلے آسمان کے نیچے گزار کے کل اچھے بچوں کی طرح واپس چلا جائیگا۔

ایک اور ٹویٹ میں حسن ایوب نے دعویٰ کیا کہ ’’پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کی احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا ہے اور کسی بھی بڑے شہر سے کوئی قافلہ ڈی چوک کے لیئے باہر نہیں نکلا جبکہ رہا سوال خیبرپختونخوا کا تو وہاں سے بھی عوام کی تعداد پہلے کے مقابلے میں آدھی نکلی ہے۔ صوبے کے سرکاری ملازمین نے بھی حکومتی ہدایات کو خاطر میں نہیں لایا۔ دوسری جانب پنجاب اور وفاقی حکومتوں نے مظاہرین کے استقبال کا بھرپور اور شاندار انتظام کیا ہوا ہے۔‘‘

