جڑواں شہروں میں پی ٹی آئی احتجاج کے سبب جاری ہنگامی صورتحال کے تناظر میں راولپنڈی پولیس نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر پولیس فلیگ مارچ کیا جس کی سربراہی ایس ایس پی آپریشنز کامران اصغر نے کی ۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس کا فلیگ مارچ پولیس لائن سے شروع ہو کر مری روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کیا گیا اور فلیگ مارچ امن و امان قائم رکھنے کیلئے کیا جا رہا ہے ۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق فلیگ مارچ میں ضلع پولیس ایلیٹ کمانڈوزڈولفن فورس ٹریفک پولیس و دیگر ادارے شامل ہیں ۔ دوسری جانب سیاسی جماعت کے احتجاج کے حوالے سے راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ العمل اور سیکورٹی ہائی الرٹ ہے اور شہر میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے اورڈبل سواری کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق شہری زحمت اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے ڈبل سواری سے اجتناب کریں۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سیاسی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کے سیکورٹی انتظامات ہائی الرٹ ہیں اورامن و امان کو یقینی بنانے کے لئے4000 پولیس افسران و اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: سیاسی پارٹی کی جانب سے احتجاج پر اسلام آباد نے صوبوں سے مدد طلب کر لی
سی پی او راولپنڈی کے مطابق شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر پولیس تعینات رہے گی اورامن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے نمٹنے کے لئے خصوصی تربیت یافتہ دستے تعینات کئے جائیں گے۔ سی پی او راولپنڈی کے مطابق شہر بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شرپسند عناصر اور قانون شکنوں کی شناخت کی جائے گی۔ امن و امان میں خلل یا سرکاری و نجی املاک کو نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گاسی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور انہوں نے والدین سے التماس کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو کسی بھی غیر قانونی اقدام کا حصہ نہ بننے دیں۔

