وفاقی حکومت نے دیت کی رقم میں 20 فیصد اضافہ کرتے ہوئے اسے 81 لاکھ روپے مقرر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 1860 کے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کے تحت دیت کی رقم 81 لاکھ 3 ہزار 955 روپے طے کی گئی ہے، جو پی پی سی کی دفعہ 323 کی ذیلی شق 2 کے مطابق 30 ہزار 630 گرام چاندی کے برابر ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-2023 کے دوران دیت کی رقم 67 لاکھ 57 ہزار 902 روپے تھی، جس میں مالی سال 2023 کے مقابلے میں 56 فیصد اضافہ کیا گیا، جب کہ اس وقت یہ رقم 43 لاکھ 18 ہزار 524 روپے تھی۔
پی پی سی کی دفعہ 323 کا تقاضا ہے کہ عدالت قرآن و سنت میں بیان کردہ اسلام کے احکام کے مطابق مجرم اور مقتول کے ورثاء کی مالی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے دیت کی قیمت طے کرے، جو چاندی کی 30 ہزار 630 گرام کی قیمت سے کم نہیں ہونی چاہیے۔