ذرائع کے مطابق رینجرز کی جانب سے خیبرپختونخوا ہاؤس کو حصار میں لیے جانے کی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
آرٹیکل 245 کے تحت سیکیورٹی فورسز اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں 4 اور 5 اکتوبر کی رات سے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ کچھ عناصر اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے سیکیورٹی فورسز سے متعلق جھوٹی افواہیں اور من گھڑت خبریں پھیلا رہے ہیں۔ یہ صورتحال عوام میں غلط فہمیاں پیدا کر سکتی ہے، جس کے پیش نظر حقائق کی وضاحت ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: احتجاج کہیں بھی ختم نہیں ہوگا، پاکستان تحریک انصاف
واضح رہے کہ پاک فوج کے دستوں نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیئے۔ پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گرد و نواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کا علاقے بھر میں گشت شروع ہوگیا۔
کسی بھی شرپسند کو امن و امان تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں 5 سے 17 اکتوبر تک فوج تعینات رہے گی، اسلام آباد کی سکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے حوالے ہوگی اور پولیس سمیت دیگر ادارے فوج کی معاونت کریں گے۔