اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے تشدد سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار کانسٹیبل عبدالحمید شاہ انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 26 نمبر چونگی پر ہونے والی جھڑپوں کے دوران مظاہرین کے پتھراؤ اور تشدد کی وجہ سے عبد الحمید شدید زخمی ہوئے، اور انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پا گئے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کے پرتشدد احتجاج نے ایک پولیس اہلکار کی جان لے لی۔ عبدالحمید کو مظاہرین نے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا۔
وہ 26 نمبر چونگی پر لاء اینڈ آرڈر کی ڈیوٹی پر تھے، اور ایبٹ آباد کے رہائشی تھے۔ عبدالحمید نے 1988 میں اسلام آباد پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ جلد ریٹائر ہونے والے تھے۔ کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کی نماز جنازہ آج دن 12:30 بجے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں ادا کی جائے گی۔