سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہخیبرپختونخوا اسمبلی پاکستان کی 90 فیصد عوامی نمائندگی کر رہی ہے، اور اس صوبے کے لوگوں کے دل بڑے ہیں، جس کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں سے سیاستدان یہاں آتے ہیں۔
پشاورمیں ایک تقریب کے دوران معروف سیاسی رہنما محمد علی درانی نے خیبرپختونخوا کی اہمیت اور عوامی نمائندگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنانے کی تحریک کے دوران قائد اعظم کے ساتھ فاٹا کے لوگوں نے بھرپور تعاون کیا۔ محمد علی درانی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی پاکستان کی 90 فیصد عوامی نمائندگی کر رہی ہے، اور اس صوبے کے لوگوں کے دل بڑے ہیں، جس کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں سے سیاستدان یہاں آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص کسی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے سے روک نہیں سکتا، اور یہ ضروری ہے کہ ملک کے چیدہ چیدہ لوگ خیبرپختونخوا کے رہنماؤں کا ساتھ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، جو اس وقت ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ قومی یوتھ یکجہتی کنونشن جلد اسی اسمبلی ہال میں منعقد کیا جائے، جس میں ملک بھر سے نوجوانوں کو مدعو کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی مضبوطی کے لیے مفاہمت کی ضرورت ہے۔ درانی نے فلسطین کے عوام پر جاری مظالم کے خلاف خیبرپختونخوا میں ایک عوامی احتجاج کا انعقاد کرنے کی تجویز دی۔