پختون تحفظ موومنٹ کا جرگہ بد نظمی کا شکار، پولیس پر پتھرائو

پختون تحفظ موومنٹ کا جرگہ بد نظمی کا شکار، پولیس پر پتھرائو

پختون تحفظ موومنٹ کے جرگے کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی، مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کردیا۔

آزاد نیوز کے نمائندے کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مظاہرین نے صوبائی وزیر پختون یار کے سکواڈ میں شامل پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پی ٹی ایم کارکنوں نے پولیس کی گاڑی پر پتھراؤ کیا۔

قبل ازیں خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پختون تحفظ موومنٹ کے جرگے میں ریاست کے خلاف نعرہ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی دوسرے ملک کا جھنڈا لگانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی اور آئین اور پاک فوج کے خلاف کسی قسم کی نعرے بازی بھی ناقابل قبول ہوگی۔

بیرسٹر سیف نے یہ بات وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ہمراہ جمرود میں ہونے والی تقریب کے دوران کہی، جہاں انہوں نے امن کا علم بلند کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کل وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ جرگے نے وزیراعلیٰ کو معاملات کو سلجھانے کے لئے بااختیار بنایا ہے۔

وزیر اعلیٰ کی اولین ترجیح صوبے میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی زیر نگرانی حکومتی جرگے نے رات گئے جمرود جرگے کے نمائندہ وفد کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے۔

جرگے میں تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندے شامل تھے اور مذاکرات کے دوران قیام امن اور مسائل کے افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لئے کئی نکات پر اتفاق رائے ہوا۔ جمرود جرگے کی میزبانی خیبر پختونخوا حکومت کرے گی اور اس کے تمام تر انتظامات بھی حکومت دیکھے گی۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ جرگے کے شرکا کے لئے وزیر اعلیٰ کی جانب سے کھانے پینے کا انتظام کیا جائے گا۔ جرگے کے مطالبات کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور وفاقی حکومت کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کسی تنظیم پر پابندی لگانے کا اختیار وفاقی حکومت اور سپریم کورٹ کے پاس ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں قیام امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے وہ ہر کسی سے بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں اور اس وقت ان کی اہم ترجیح صوبے میں امن کا قیام ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *