پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے سینئر افسران نے پولیس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری کے معاملے پر ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں اختیارات بیوروکریسی کے پاس جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں سینئر افسران نے کہا کہ یہ ترامیم آئی جی پولیس کو اعتماد میں لیے بغیر کابینہ میں پیش کی گئیں، جس سے سیاسی مداخلت کا خدشہ ہے۔ افسران نے حکومت کی جانب سے ایکٹ پر غور کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی دی۔
اجلاس کے بعد سینئر پولیس افسران نے اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی سے ملاقات کی، اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کو اختیارات دینے سے پولیس کا مورال متاثر ہوگا، اور یہ سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف ہے۔
اسپیکر نے پولیس افسران کو مسئلے پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ کچھ پولیس افسران نے طویل چھٹی لینے کی تیاری بھی شروع کر لی ہے۔