وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی خیریت سے متعلق خدشات پر وفاقی حکومت سے فوری جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی خیریت ان کے لیے مقدم اور اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا عمران خان سے ان کے ڈاکٹروں اور وکلا کی ٹیم کی فوری ملاقات کرائی جائے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور دیگر کارکنان کو فوری رہا کیا جائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے اور سابق وزیر اعظم کی خیریت کے بارے میں تشویش کو دور کیا جائے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر مختلف حلقوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ دنوں سے اڈیالہ جیل میں عمران خان کے سیل کی بجلی منقطع ہے اور انہیں جیل مینوئل کے مطابق حاصل سہولیات نہیں دی جا رہیں ہیں۔