محکمہ موسمیات نے ملک میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ 22 اکتوبر سے داخل ہونے کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 22 اکتوبر سے پاکستان میں داخل ہونے والا ہے۔ اس دوران صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
مغربی ہواؤں کی آمد کے ساتھ، شمالی علاقہ جات میں بارش کی توقع ہے، حالانکہ لاہور میں موسم مزید بہتر ہونے کے باوجود بارش کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔ دوسری جانب شہر قائد کراچی میں آج صاف موسم اور تیز دھوپ کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والون نے کہا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں شمال مشرق سمت سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کا فضائی معیار مضر صحت ہے، اور یہ شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیرہویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں بھی کراچی تیسرے نمبر پر ہے، جہاں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 144 پرٹیکیلیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھر سے نکلتے وقت ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ 100 سے 200 پرٹیکیلیولیٹ میٹرز انسانی صحت کے لیے مضر ہیں۔