وزیردفاع خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی حالیہ ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ ہمیشہ نرمی برتی گئی، جبکہ انہوں نے اپنے مخالفین کے لیے کبھی بھی نرم رویہ نہیں دکھایا۔
گزشتہ روز جمائما گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عمران خان کی حفاظت اور صحت کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اس پر خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی بیمار اہلیہ سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ کئی اپوزیشن رہنما بغیر کسی الزام کے جیل میں قید رہے۔
اسی سلسلے میں خواجہ آصف نے برطانوی صحافی پیئرز مورگن کو بھی جواب دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ پیئرز کو غزہ میں نسل کشی اور صہیونی جیلوں میں موجود ہزاروں فلسطینیوں کی حالت کی پرواہ نہیں، بلکہ وہ ایک سزا یافتہ قیدی کے معاملے پر ناراض ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال صیہونی گولڈ اسمتھ کی حمایت کا نتیجہ ہے۔ یاد رہے کہ پیئرز مورگن نے جمائما کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے عمران خان کے حق میں آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔