دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے، اور اس وقت پاکستان میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 247 روپے ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر سب سے سستا پیٹرول اس وقت ایران میں دستیاب ہے، جہاں ایک لیٹر کی قیمت صرف 8 روپے ہے۔ اس کے بعد لیبیا میں قیمت تقریباً 9 روپے فی لیٹر ہے، جبکہ وینزویلا میں یہ قیمت 10 روپے فی لیٹر کے قریب ہے۔ ملائشیا میں پیٹرول کی قیمت 138 روپے فی لیٹر ہے، جب کہ گیس اور تیل سے مالا مال قطر میں یہ قیمت 156 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔ سعودی عرب میں ایک لیٹر پیٹرول 152 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ دبئی اور دیگر عرب امارات میں یہ قیمت 211 روپے تک جا پہنچی ہے۔
افغانستان میں پیٹرول کی قیمت 250 روپے کے قریب ہے، جبکہ امریکہ میں یہ قیمت 260 روپے فی لیٹر ہے۔ بنگلہ دیش میں پیٹرول کی قیمت 280 روپے ہے، چین میں یہ 313 روپے تک پہنچ چکی ہے، اور بھارت میں ایک لیٹر پیٹرول 334 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ نیوزی لینڈ میں پیٹرول کی قیمت 488 روپے فی لیٹر ہے، جبکہ برطانیہ میں یہ قیمت 5 سو روپے تک جا پہنچی ہے۔
دنیا میں سب سے مہنگا پیٹرول اس وقت ہانگ کانگ میں دستیاب ہے، جہاں قیمت 910 روپے فی لیٹر ہے۔ یہ تجزیہ صرف پیٹرول کی قیمت کا موازنہ ہے، اور اس میں مقامی کرنسی کی قدر، فی کس آمدنی، اور مہنگائی کی شرح کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں فی کس آمدنی تقریباً 100 ڈالرز ماہانہ ہے، جب کہ بھارت میں یہ 107 ڈالرز سالانہ ہے۔ اس کے مقابلے میں امریکہ میں فی کس آمدنی تقریباً 3 ہزار ڈالرز اور ہانگ کانگ میں 4 ہزار ڈالرز کے قریب ہے۔
یہ اعداد و شمار مختلف ذرائع سے حاصل کیے گئے ہیں، اور ان میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔