نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی کارڈ بنوانے والے شہریوں کی مشکلات کو کم کرتے ہوئے ایک نئی بائیکر سروس متعارف کرائی ہے، جس کے تحت اب لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے یہ نئی سروس شہریوں کو یہ سہولت فراہم کرتی ہے کہ وہ گھر بیٹھے اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں یا اپنی معلومات کو نادرا کے دفتر جائے بغیراپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔
بائیکر سروس کی بکنگ کا طریقہ:
شہری نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر کال کریں، وہاں 1 دبائیں، اور پھر سروس کے نمائندے سے بات کرکے اپنی تفصیلات فراہم کریں (جیسے کہ نئے شناختی کارڈ کی درخواست یا معلومات کی اپ ڈیٹ کرنا)۔ اس کے بعد آپ ملاقات کا وقت طے کر سکتے ہیں۔جب آپ کا شناختی کارڈ یا دیگر دستاویز تیار ہو جائے گی، تو نادرا اسے آپ کی دہلیز پر پہنچا دے گا، جس سے آپ کو دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس وقت یہ سروس صرف راولپنڈی اور اسلام آباد میں دستیاب ہے، لیکن نادرا مستقبل قریب میں اسے دیگر شہروں تک پھیلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے نادرا پاک آئی ڈی موبائل ایپ بھی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے لوگ آن لائن شناختی دستاویزات بنوا سکتے ہیں۔