تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ یہ تاریخ کی ایسی آئینی ترمیم ہے جس کا کسی کو معلوم نہیں ہے ۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ یہ پہلی آئینی ترمیم ہے جس کے آدھے ایم این ایز جعلی ہیں ،سپریم کورٹ نے جسکے لئے راہ ہموار کی کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ہدایات کے باعث محدود تعداد میں اجلاس میں شرکت کریں گے، اگر یہ آئینی ترمیم لاتے ہیں تو ملک کو مکمل لاقانونیت کی طرف دھکیلیں گے، اگر ایسا ہو جاتا ہے تو پھر کوئی اور راستہ نہیں بچے گا کہ ہم پوری قوم کو اکٹھا کر کے پوری قوت کے ساتھ اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ ڈالیں ۔
یہ بھی پڑھیں :پشاور : گاڑیوں میں ایل پی جی کے استعمال پر پابندی عائد
واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترامیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے مشاورت کا عمل تیز ہوگیا ہے، آئینی ترمیم پر اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہونے کے بعد پی ٹی آئی کا وفد مولانا فضل الرحمان کے گھر جا پہنچا، جہاں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پرمولانا فضل الرحمان کواعتماد میں لیا گیا۔
پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا۔ پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آئینی ترامیم پرمشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں بتایا کہ بانی چئیرمین نے پیر تک آئینی ترامیم پر مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔