اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے دونوں ایوانوں میں آئینی ترمیم کے لیے ووٹنگ کے عمل کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے ایک خصوصی اجلاس کے بعد یہ اعلامیہ جاری کیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق انہوں نے رائے شماری میں حصہ لینے والے اپنے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوامی مینڈیٹ پر قابض گروہ کو آئین میں تبدیلی کرنے کا اخلاقی، جمہوری اور آئینی جواز نہیں ہے۔ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ارکان سینیٹ اور قومی اسمبلی پارٹی پالیسی اور پی ٹی آئی کے بانی کی ہدایات کے پابند ہیں۔ اگر کوئی ارکان پارٹی پالیسی سے انحراف کرتے ہیں تو ان کی رہائش گاہوں کے باہر پرامن احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔
اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ آئینی ترمیم کا معاملہ کل تک مؤخر کر دیا گیا ہے، اور پی ٹی آئی نے مزید وقت مانگا ہے۔ فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا جواب ملنے کے بعد قوم کو فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔