پارلیمان کے ایوان بالا (سینیٹ) سے 26ویں آئینی ترمیم کی ہر شق 65 ووٹوں سے منظور کی گئی۔
سینیٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم پیش کردی گئی جس کے بعد اب ووٹنگ کیلئے تحریک اکثریت رائے سے منظور ہوگئی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے آئینی ترمیمی بل کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حق میں 65 ووٹ پڑے جبکہ چار سینیٹرز نے مخالفت کی۔۔
سینیٹ اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت جاری ہے ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں ترمیم پیش کرتے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پیش کرنا چاہتا ہوں، آئینی ترمیمی بل کو ضمنی ایجنڈا پر زیرغور لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ سے درخواست ہے ترامیم کو ضمنی ایجنڈے کے طور پر ایوان میں پیش کیا جائے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ آئینی ترمیمی بل پر بات ہوئی جس پر کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی میں تمام پارلیمانی جماعتیں تھیں، اپوزیشن سے بھی بات کی ، جے یو آئی کی مشاورت سے مسودے پر اتحادی جماعتوں کا اتفاق رائے ہوا۔
بعدازاں مختلف جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے سینیٹ میں اظہار خیال کیا۔ وزیرقانون نے آئینی ترامیم پر ووٹنگ کیلئے تحریک پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔
چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن سے مکالمہ کیا کہ آپ صرف پانچ لوگ ایوان میں بیٹھے ہیں،گنتی کیا کروں؟
آئینی ترمیم کی شق وار منظوری کیلئے سینیٹ کے ایوان کے دروازے بند کردیے گئے، اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھاکہ سینیٹ کی گیلری صاف کروا کر دروازے بند کردیے جائیں، لابیز اور وزیٹر گیلری کو خالی کردیا جائے۔
26 ویں آئینی ترمیمی بل کی شق وار منظوری
26 ویں آئینی ترمیمی بل کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے۔ آئین کے تحت شق وار منظوری میں ہر شق کیلئے دوتہائی اکثریت ہونا لازمی ہے ، سینیٹ اجلاس میں پہلی شق منظور ہوگئی اور 65 ارکان نے شق نمبر 2 کے حق میں ووٹ دے دیا۔ اس طرح سینیٹ میں حکومت کا نمبر 58 سے بڑھ کر 65 ہوگیا۔
سینیٹر قاسم رونجھو اور سینیٹر نسیمہ احسان نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔
ترمیم کی شق وار منظوری کے دوران پی ٹی آئی، سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبیلو ایم کے ارکان ایوان سے چلے گئے، آئینی ترمیم پر ووٹنگ کے دوران پی ٹی آئی کے کسی بھی سینیٹر نے ووٹ نہیں دیا۔
آرٹیکل 48 میں ترمیم سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کی گئی کہ وزیراعظم اورکابینہ کی جانب سے صدر کو بھیجی جانے والی کسی بھی ایڈوائس پر کوئی ادارہ کوئی ٹریبیونل اورکوئی اتھارٹی کارروائی نہیں کرسکے گی، سینیٹ نے آرٹیکل 48 میں مجوزہ ترمیم کثرت رائے سے منظور کرلی۔
یہ بھی پڑھیں :قاضی فائز عیسیٰ مدت مکمل کرکے چلے جائیں گے، وزیر قانون