بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اخترمینگل نےاپنے 2سینیٹرز سے فوری طور پر مستعفی ہونے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کا بتانا ہے کہ سردار اخترمینگل نے26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینےکی پاداش میں دونوں سینیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ استعفیٰ دیں ورنہ انہیں پارٹی سے برطرف کر دیا جائے گا۔
سربراہ بی این پی (مینگل) اخترمینگل نے بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو کو حکم دیا ہے کہ فی الفور سینیٹ سے استعفیٰ دے دیں۔ اگر کل تک استعفیٰ نہ دیا گیا تو آپ دونوں کو پارٹی سے فارغ کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اخترمینگل کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کیلئے ہمار ےسینیٹرز پر پریشر ڈالا گیا اور خاتون سینیٹر کے خاوند کو اغواء کیا گیا ۔ واضح رہے کہ بی این پی مینگل کی سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو نے سینیٹ میں حکومتی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا ، جس کے باعث ترمیم 65 ارکان کی حمایت سے دو تہائی اکثریت کیساتھ منظور کرلی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومتی اتحاد نے کالے ناگ کے نہیں عدلیہ کے دانت نکال دیئے ہیں : حافظ نعیم الرحمٰن
سینیٹر نسیمہ احسان منہ پر ماسک پہنے ایوان میں پہنچی تھیں جب کہ قاسم رانجھو کو ویل چیئر پر ایوان میں لایا گیا تھا، دونوں ارکان کو حکومتی اتحاد کے بنچزپر بھی بٹھانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ اٹھ کر اپوزیشن کی نشستوں پر واپس آگئے۔