اسلام آباد: خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے رکن فاروق ایچ نائیک نے نئے چیف جسٹس کے انتخاب کے حوالے کہا ہے کہ قابلیت کو مدنظر رکھ کر چیف جسٹس کا انتخاب ہو گا۔
انہوں نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے چیف جسٹس کے انتخاب میں قابلیت کو مدنظر رکھا جائے گا اور توقع ہے کہ ایک اچھی کارکردگی کا حامل چیف جسٹس منتخب ہوگا۔
فاروق ایچ نائیک نے مزید وضاحت کی کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں پی ٹی آئی کے رہنما بھی شامل ہیں اور انہیں تھوڑا وقت دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے چیف جسٹس کے انتخاب کے لئے پہلے تین سینئر ججز میں سے کسی ایک کو منتخب کیا جائے گا۔
نائیک نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے میں آرٹیکل 63 اے کے تحت ووٹ شمار نہ کرنے کا ذکر ہے، حالانکہ آئین میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ووٹ کاؤنٹ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب کو یہ بات معلوم ہے کہ سپریم کورٹ میں تقسیم ہو چکی ہے، اور یہ دیکھنا باقی ہے کہ آئینی ترامیم ملک کے لئے بہتر ثابت ہوں گی یا نہیں، جبکہ ان ترامیم کو چیلنج کرنے والے بھی سامنے آئیں گے۔