وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو 14 نومبر تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے اعلی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو 14نومبر تک کسی بھی مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 14روز میں آپ مقدمات کی تفصیل فراہم کریں اور جتنے مقدمات درج ہیں ان کی تفصیل فراہم کریں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کو پارٹی سے نکالیں گے کیونکہ جو شخص عمران خان کی پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپے گا وہ غدار ہے اور ہمیشہ غدار ہی رہے گا۔کوئی فرق نہیں پڑتا اس کاباپ کون ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کیساتھ ملاقات کے بعد احتجاج کریں گے اور ساراپاکستان بلاک کریں گے۔ احتجاج کیلئے پورے ملک سے لوگ آئیں گے، فائنل احتجاج کا ایک بڑا پلان بنائیں گے اور پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔ احتجاج کے دوران جسے جہاں رکاوٹیں ملیں گی تو وہیں پر ہی احتجاج جاری رکھے کیونکہ رکاوٹیں عبور کرنا ہر کسی کیلئے ممکن نہیں ہوگا۔