پیشگوئیاں کرنے والے پانچ اہم اداروں کا کہنا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر امریکا کے صدر منتخب ہو سکتے ہیں۔
ایک امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں مقابلہ انتہائی سخت ہوگا، جہاں ٹرمپ کی جیت کے امکانات 51 فیصد جبکہ کاملا ہیرس کے 49 فیصد ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کاملا ہیرس کی مقبولیت نامزدگی کے بعد کم ہو رہی ہے، خاص طور پر شمالی اور سن بیلٹ ریاستوں میں جہاں ان کی پوزیشن کمزور ہو رہی ہے۔
ایک حالیہ سروے کے مطابق ٹرمپ کے جیتنے کے امکانات 52 فیصد اور ہیرس کے 48 فیصد ہیں۔ اکانومسٹ کی ایک رپورٹ میں ٹرمپ کی جیت کے امکانات 54 فیصد بتائے گئے ہیں۔ رئیل کلیئر پالیٹکس کے سروے کے مطابق ٹرمپ کو سات اہم ریاستوں ایری زونا، جارجیا، نیواڈا، مشی گن، شمالی کیرولینا، پنسلوانیا اور وسکونسن میں کاملا ہیرس پر معمولی برتری حاصل ہے۔
اگرچہ کاملا ہیرس کو پاپولر ووٹ میں 1.6 فیصد کی برتری ملنے کی توقع ہے، لیکن الیکٹرول کالج میں کامیابی کے امکانات ٹرمپ کے لیے 53 فیصد ہیں۔ یہ صورتحال 2016 کے انتخابات کی یاد دلاتی ہے، جب ہیلری کلنٹن نے پاپولر ووٹ جیتا تھا، لیکن ٹرمپ الیکٹرول کالج کے 270 ووٹ حاصل کر کے صدر بننے میں کامیاب ہوئے تھے۔