احتساب عدالت نے نئے توشہ خانہ کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی رہائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل نے بشری بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردی، بشری بی بی کی رہائی کی روبکار لیکر عدالتی اہلکار پی ٹی آئی وکلاء کے ساتھ سینٹرل جیل اڈیالہ روانہ ہو گئے۔ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر اضافی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کی تھی، تاہم سینئر سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی اور سپیشل جج سینٹرل نمبر ٹو ہمایوں دلاور کی رخصت کی وجہ سے بشریٰ بی بی کی رہائی کے حکم کی روبکاری جاری نہیں ہو سکی تھی ۔
پی ٹی آئی کے وکلا مچلکے جمع کرانے کے لیے عدالتوں کے چکر لگاتے رہے، لیکن اس دوران عدالتی وقت ختم ہو گیا۔ جب بشریٰ بی بی کے وکلا ایڈمنسٹریٹو جج جواد عباس کی عدالت پہنچے تو وہ بھی جا چکے تھے۔
دوسری جانب فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بشری بی بی آج جیل سے باہر آ جائیں گی اور26تاریخ سے بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتیں شروع ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ بانی پی ٹی آئی باہر آئیں گے یا نہیں، لیکن یہ ان لوگوں کے مفاد میں ہے کہ بانی جیل میں رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیٹنگ ہی کرنا تھی تو پھر میرا شکوہ ہے مجھے پارٹی سے کیوں نکالا گیا ؟۔